قازقستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ

image

افغان صوبے ہرات میں دونوں ملکوں کے درمیان چیمبر آف کامرس کا افتتاح کر دیا گیا، اس اقدام سے افغان اور قازق تاجر اپنے تجارتی لین دین کا حجم بڑھا سکیں گے، قازقستان اور افغانستان کے درمیان سالانہ تجارتی حجم 900 ملین ڈالر سے زیادہ ہے۔ 

کابل: (ویب ڈیسک) وسطی ایشیائی ملک قازقستان اور افغانستان کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس سلسلے میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی سطح پر ایک اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق افغان صوبے ہرات میں دونوں ملکوں کے درمیان چیمبر آف کامرس کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ 

افغانستان کے صوبہ ہرات کی حکومت کے ترجمان نثار احمد الیاس نے ایکس پر چیمبر آف کامرس کے افتتاح کا ذکر کیا ہے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا ہے کہ اس چیمبر کے ذریعے دونوں ملک تجارتی لین دین کا حجم بڑھانے کی کوشش کریں گے۔ خیال رہے کہ قازقستان افغانستان کو سب سے زیادہ آٹا فراہم کرتا ہے۔ 

افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کو 70 فیصد آٹے کی فراہمی قازقستان سے کی جا رہی ہے۔ ایک اندازے کے مطابق دونوں ملکوں کے درمیان سالانہ تجارتی حجم 900 ملین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ واضح رہے کہ افغان ٹرانس ریلوے میں بھی قازقستان اور ازبکستان مشترکہ طور پر سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔