مسلح افواج دہشت گردی کوختم کرنےکیلئے پرعزم ہیں: آرمی چیف

image

مسلح افواج دہشت گردی کوختم کرنےکیلئے پرعزم ہیں، جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 264 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا: آرمی چیف

راولپنڈی: (قومی ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ دہشتگردی کے خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 264 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس کے شرکاء نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا، آرمی چیف نے متعدد دہشتگردانہ حملوں کو ناکام بنانے پر پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں، پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ فورم نے بشام میں چینی شہریوں پر بزدلانہ حملے اور بلوچستان میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی۔

شرکاء فورم نے کہا کہ ہم ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اس کے خلاف سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا، شرکاء فورم نے پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے حصول کیلئے حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا عزم کیا، غیر قانونی سپیکٹرم، سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری کے خلاف تعاون فراہم کرنے کا عزم بھی کیا۔ آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آپریشنل تیاری اور مورال کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنائیں، تربیت کے اعلیٰ معیار کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت حاصل کریں۔