متحدہ عرب امارات میں طوفانی بارشوں سے فلائٹ آپریشن متاثر

image

برطانیہ سے دبئی اور دبئی سے برطانیہ جانے والی تمام فلائٹس ملتوی، دبئی ایئرپورٹ پر ہزاروں مسافر پھنس گئے، بارشوں کے باعث اب تک 20 انٹرنیشنل فلائٹس کو منسوخ کیا جا چکا ہے۔

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات میں ہونے والی طوفانی بارشوں کے باعث دبئی سے دیگر ممالک کیلئے فلائٹس آپریشن کافی متاثر ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بارشوں کے باعث متعدد فلائٹس منسوخ ہونے سے دبئی ایئرپورٹ پر ہزاروں مسافر پھنس گئے ہیں۔ دبئی سے برطانیہ اور برطانیہ سے دبئی آنے والی تمام 7 فلائٹس کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ 

دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر درجنوں فلائٹس کئی گھنٹوں سے تاخیر کا شکار ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق دبئی ایئرپورٹ پر اب تک 20 انٹرنیشنل فلائٹس منسوخ ہو چکی ہیں۔ جن فلائٹس کو منسوخ کیا گیا ہے ان میں بھارت، پاکستان، سعودی عرب اور مانچسٹر کی فلائٹس شامل ہیں۔ اس کے علاؤہ ریاست فجیرہ، الخیمہ اور العین کے ایئرپورٹس کی تمام فلائٹس بھی الرٹ پر ہیں۔ 

غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق دبئی ایئرلائن کی متعدد فلائٹس منسوخ جبکہ درجنوں تاخیر کا شکار ہیں۔ اسی طرح مصر ایئر لائن کی جانب سے بھی قاہرہ سے دبئی جانے والی تمام فلائٹس کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو سے دبئی جانے والی سری لنکن ایئر لائن کی فلائٹس کو بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔