پاکستانی میزائل پروگرام میں معاونت کے الزام میں چار کمپنیوں پر پابندی عائد

image

امریکا کی طرف سے الزام لگا ہے کہ 3 چینی اور ایک بیلا روسی کمپنی نے پاکستانی بیلسٹک میزائل بنانے میں مدد فراہم کی ہے۔  محکمہ خارجہ کے ترجمان کے مطابق امریکا تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی روک تھام چاہتا ہے۔ 

نیویارک: (ویب ڈیسک) امریکا نے پاکستان کے میزائل پروگرام کے لیے سامان فراہم کرنے کے الزام میں 4 کمپنیوں پر پابندی عائد کردی۔ پاکستان کے بیلسٹک میزائل پروگرام کے لیے سامان فراہم کرنے کے الزام میں 3 چینی اور بیلا روس کی ایک کمپنی پر پابندیاں عائد کیں۔

ترجمان کے مطابق ان کمپنیوں نے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ یا ان کی ترسیل کے لیے پاکستان کو مواد فراہم کرنے میں تعاون کیا ہے جس سے پاکستان کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری، حصول اور نقل و حمل کی کوششوں میں مدد ملی۔ ان کمپنیوں نے پاکستان کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل پروگرام سمیت اس کے بیلسٹک میزائل کی تیاری میں مددگار اشیا فراہم کی ہیں۔ اس سے قبل اکتوبر 2023 میں بھی امریکا نے پاکستان کو بیلسٹک میزائل پروگرام کے پرزہ جات اور سامان فراہم کرنے کے الزام میں چین کی 3 کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان متھیو ملر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 3 چینی اور ایک بیلا روسی کمپنی نے پاکستان کو طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سمیت بیلسٹک میزائل بنانے میں مدد فراہم کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکا اپنے دیگر شراکت داروں کے ساتھ بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے نیٹ ورکس کی روک تھام کا نظام مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔