جاپانی بحریہ کے 2 ہیلی کاپٹر سمندر میں گر گئے

image

حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کیلئے تحقیقات جاری، ہیلی کاپٹر میں سوار 7 افراد تاحال لاپتہ، دونوں ہیلی کاپٹر میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کا حصہ تھے۔

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپانی بحریہ کے 2 ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو گئے ہیں۔ جاپان کی وزارت دفاع کے مطابق ہیلی کاپٹر میں سوار 8 افراد میں سے 7 افراد تاحال لاپتہ ہیں جبکہ ایک لاش سمندر سے نکال لی گئی ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والے دونوں ہیلی کاپٹر مشقوں کے دوران سمندر میں گر کر تباہ ہوئے ہیں۔ 

جاپانی وزارتِ دفاع کا کہنا ہے کہ دونوں ہیلی کاپٹر ہفتے کی شب وسطی جاپان میں جنوبی کنارے کے دور افتادہ جزیرے ازو کے نزدیک توریشیما میں اینٹی سب میرین مشقوں میں مصروف تھے۔ جاپانی وزیرِ دفاع نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ہیلی کاپٹرز کے فلائٹ ریکارڈ مل گئے ہیں۔ 

جاپان کے وزیرِ دفاع منورو کہاوا نے کہا کہ ریکارڈ ملنے سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں ہیلی کاپٹر بہت قریب محو پرواز تھے۔ اس بات کا بھی امکان ہے کہ دونوں ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرانے کی وجہ سے تباہ ہوئے ہوں۔ دونوں ہیلی کاپٹر میری ٹائم سیلف ڈیفنس فورس کا حصہ تھے جو آبدوزوں اور جنگی جہازوں کو ناکام بنانے کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں۔