مجھے عہدے سے ہٹانے کا عمل افسوسناک تھا: سابق ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ

image

مقامی ٹی وی چینل کو انٹرویو، غیر ملکی کوچز کی تقرری پر سوال اٹھا دیے، مقامی کوچز پر اقربا پروری کے الزامات بے بنیاد قرار دے دیے۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) قومی ٹیم کے سابق ڈائریکٹر محمد حفیظ نے پاکستانی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچز کی تقرری پر سوال اٹھا دیا ہے۔ مقامی ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں سابق کپتان و ٹیم ڈائریکٹر محمد حفیظ نے مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے عہدے سے ہٹانے کا عمل افسوسناک تھا، میں لیول ون کا کوالیفائیڈ کوچ ہوں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ کوچنگ کورسز ایک تعلیم ہے لیکن کوچ بننے کی مکمل اہلیت نہیں۔ آپ کیسے میرے بین الاقوامی کرکٹ کے تجربے کو نظر انداز کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مقامی کوچز پر عائد اقربا پروری کے الزام کو غیر منصفانہ قرار دے دیا۔ سابق کرکٹر محمد حفیظ نے کہا کہ میں سابق چیئرمین پی سی بی کے بیان سے بہت مایوس ہوں کیونکہ یہ بہت سے سابق کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس کرکٹ کے لیجنڈز ہیں جن کی دنیا بھر میں تعریف کی جاتی ہے۔ ایسے میں صرف غیر ملکی کوچ کا تقرر کیا جانا مناسب عمل نہیں ہے، میں نے کبھی کسی مقامی کوچ کو اقربا پروری یا ذاتی سفارشات کو فروغ دیتے ہوئے نہیں دیکھا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی نے مقامی کوچز پر ذاتی تعلقات پر فیصلے کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔