سال سے زائد عرصہ ہو گیا مذاکراتی کمیٹی بنائی ہوئی مگر اسٹیبلشمنٹ نے کوئی رابطہ نہیں کیا: پی ٹی

image

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے کل بھی تیار تھے، آج بھی تیار ہیں اور آئندہ بھی تیار رہیں گے۔

اسلام آباد: (قومی ڈیسک) نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رؤف حسن کا کہنا تھاکہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کیلئے سوا سال سے کمیٹی بنائی ہوئی ہے۔  انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ سے بات چیت کیلئے کل بھی تیار تھے، آج بھی تیار ہیں اور آئندہ بھی تیار رہیں گے مگر ان کی طرف سے اب تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ہمارا مینڈیٹ چرایا ہے، ان سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی، دیگر تمام جماعتوں سے بات کر سکتے ہیں، ہمارا 6 جماعتی اتحاد اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سیاسی جماعتوں سے بات چیت کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی جماعتیں مذاکرات میں سنجیدہ ہیں تو پہلے ہمارا مینڈیٹ واپس کریں، اسٹیبلشمنٹ سے اپنے لیے کچھ نہیں مانگیں گے، انہیں یہ بتانے کیلئے مذاکرات کریں گے کہ ان کا کوئی سیاسی کردار نہیں ہونا چاہیے، تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیئے۔