چین میں ہوا کے خوفناک بگولوں سے 5 افراد ہلاک

image

گوانگ ڈونگ کے صوبائی دارالحکومت میں شدید بارش اور ژالہ باری، تیز بگولوں کی زد میں آ کر 33 افراد زخمی بھی ہوئے، طوفانی بگولوں سے 141 عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

بیجنگ: (ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چین میں طوفانی بگولوں نے 5 افراد کی جان لے لی ہے۔ غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق چین کے شہر گوانگژو میں خوفناک بگولوں کی زد میں آ کر 33 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق اسی صوبے میں شدید بارش اور ژالہ باری نے بھی تباہی مچائی ہوئی تھی۔ 

چینی حکام کے مطابق طوفانی بگولے کی شدت 3 درجے کی تھی جو 5 کے بلند ترین درجے سے 2 درجے کم تھی۔ چین کی سرکاری خبر ایجنسی شنہوا نیوز کے مطابق بگولوں سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ لگایا جا رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طوفانی بگولوں کے نتیجے میں 140 عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔ 

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اس خوفناک بگولے سے دن میں رات کا سماں ہو گیا تھا۔ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ چینی صوبے گوانگ ڈونگ کو شدید بارشوں اور سیلاب سے ریکارڈ توڑ نقصان پہنچا ہے۔ بارشوں اور سیلاب کے باعث اب تک ہزاروں شہری بے گھر ہو چکے ہیں۔