جنگ بندی مذاکرات کیلئے حماس کا وفد آج قاہرہ روانہ ہوگا

image

جنگ بندی مذاکرات کیلئے حماس کا وفد آج قاہرہ روانہ ہوگا، رات گئے جاری فضائی حملوں میں 22 فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیل نے تقریباً 130 یرغمالیوں کی رہائی کے لیے عارضی جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے۔

قطر: (بین الاقوامی ڈیسک ) حماس کا وفد غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کے لیے آج قاہرہ کا دورہ کرے گا، وہیں اسرائیل نے رفح پر اسرائیلی حملے تیز کرنے شروع کردیے، رات گئے جاری فضائی حملوں میں 22 فلسطینی شہید ہوگئے۔ خبر رساں ادارے اور قطری نشریاتی ادارے کے مطابق حماس کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وفد حماس کی طرف سے قطر اور مصر کے ثالثوں کو دی گئی، جنگ بندی کی تجویز پر بات کرے گا اور اس پر اسرائیل کے ردعمل پر بھی بات کرے گا۔

گزشتہ روز حماس کے سینئر عہدیدار خلیل الحیا نے کہا تھا کہ حماس کو جنگ بندی کی تجویز پر اسرائیل کا جواب موصول ہوا ہے اور وہ مصری اور قطری ثالثوں کو اپنا جواب دینے سے پہلے اس کا جائزہ کررہا ہے۔ مذاکرات کے پہلے دور میں دونوں فریقوں کے موقف میں پائے جانے والے اختلافات ختم نہیں ہوئے تھے، حماس تنازع کے دیرپا خاتمے اور اسرائیل کے لیے غزہ کی پٹی سے اپنی افواج کے انخلا کے لیے معاہدے کا خواہاں ہے۔

اسرائیل نے تقریباً 130 یرغمالیوں کی رہائی کے لیے عارضی جنگ بندی کی تجویز پیش کی ہے، تاہم اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ اس وقت تک غزہ میں اپنی جنگی کارروائیاں نہیں روکے گا، جب تک کہ وہ فلسطینی گروپ حماس کو ختم کرنے کا اپنا ہدف پورا نہیں کر لیتا۔ اسرائیل کے وزیر خارجہ نے ہفتے کے روز کہا تھا کہ رفح پر منصوبہ بندی کے تحت حملہ، جہاں 10 لاکھ سے زائد بے گھر فلسطینی پناہ گزین ہیں، اگر اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے لیے کوئی معاہدہ طے پا جاتا ہے تو اسے روکا جا سکتا ہے۔