کراٹے پلیئر کیلئے بڑے انعام کا اعلان

image

 

رضوان علی کو 5 لاکھ روپے نقد انعام دینے کا فیصلہ، مستقبل کے ایونٹس کیلئے اسپانسرشپ بھی فراہم کی جائے گی، رضوان نے روایتی حریف بھارت کو ناک آؤٹ کیا تھا۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) انڈین حریف کو ناک آؤٹ کرنے والے رضوان علی کیلئے 5 لاکھ روپے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ کراٹے کومبیٹ میں انڈین حریف کو ناک آؤٹ کرنے والے رضوان علی نے وزیر کھیل پنجاب فیصل کھوکھر کے ہمراہ پریس کانفرنس بھی کی ہے۔ وزیر کھیل پنجاب فیصل کھوکھر کا کہنا تھا کہ اسپورٹس بورڈ پنجاب نے رضوان کی کامیابی پر 5 لاکھ روپے کا انعام دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللّٰہ نے رضوان کو عزت دی کیونکہ انہوں نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ آئندہ رضوان کے تمام ایونٹس اور میچز میں پنجاب حکومت سپورٹ کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ رضوان کو بین الاقوامی سطح پر پروموٹ کرنے کے لیے غیر ملکی کوچز فراہم کرنے میں مدد کریں گے۔ غیر ملکی کوچ کا خرچہ اٹھانے کو بھی تیار ہیں۔ 

اس موقع پر کھلاڑی رضوان علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنا چاہتا ہوں کہ مجھے کامیابی ملی ہے، میں نے پہلے راؤنڈ میں حریف کھلاڑی کو ناک آؤٹ کیا۔ کیمپ کیلئے باہر کے ملک جانا پڑتا یے، یہاں سہولیات کم ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یو ایف سی کی فائٹ کیلئے تیاری کر رہا ہوں، چیمپئن بن کر ملک کا نام روشن کرنا چاہتا ہوں