پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کو شام کے وقت براؤزنگ میں مسائل کا سامنا

image

پی ٹی اے نے انٹرنیٹ صارفین کو درپیش مسئلے کی نشاندہی کر دی، سنگاپور سے پاکستان اور یورپ کو ملانے والی انٹرنیٹ آپٹیکل فائبر کیبل پر 5 مقامات پر کٹ آ گئے، مشرقی سمت سے آنیوالی اس انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل ذرائع پر شفٹ کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کو گزشتہ کئی روز سے شام کے وقت براؤزنگ میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اب پی ٹی اے کی جانب سے اس درپیش مسئلے کی نشاندہی کر دی گئی ہے۔ صارفین کو اس مشکل صورتحال کا سامنا انٹرنیٹ آپٹیکل فائبر کیبل کو پہنچنے والے نقصان کی وجہ سے کرنا پڑ رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق سنگاپور سے پاکستان اور یورپ کو ملانے والی انٹرنیٹ آپٹیکل فائبر کیبل کو کٹ آ گئے ہیں۔ سب میرین آپٹیکل فائبر کیبل برائے جنوب مشرقی ایشیاء، مشرق وسطیٰ اور یورپ کو انڈونیشیا کے قریب 5 مقامات پر نقصان ہوا ہے۔ اس کیبل کی مرمت کرنے کیلئے 1 ماہ کا وقت درکار ہو گا۔

آپٹیکل فائبر کیبل کٹنے سے مشرقی سمت سے پی ٹی سی ایل اور ٹرانس ورلڈ کی آنے والی انٹرنیٹ ٹریفک متاثر ہو گئی ہے۔ مشرقی سمت سے آنیوالی ٹریفک 10 فیصد سے بھی کم ہے۔ پی ٹی اے ذرئع کے مطابق اب مشرقی سمت سے آنیوالی اس انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل ذرائع پر شفٹ کر دیا گیا ہے۔