آئی سی سی آفیشل کا دورہء پاکستان

image

چیمپئنز ٹرافی 2025ء کا پاکستان میں انعقاد، آئی سی سی وفد انتطامات کا جائزہ لینے کیلئے کراچی میں موجود، پچ کنسلٹنٹ اینڈی ایٹکنسن 3 روزہ دورے کے دوران لاہور، کراچی اور راولپنڈی اسٹیڈیم میں پچز کا جائزہ لیں گے۔

کراچی: (اسپورٹس ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے پچ کنسلٹنٹ اینڈی ایٹکنسن اگلے سال پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025ء سے قبل انتظامات کا جائزہ لینے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ بھارتی چینلز کی طرف سے وفد کے پاکستان پہنچنے سے قبل بھرپور پروپیگنڈا کیا گیا۔ آئی سی سی کے پچ کنسلٹنٹ اینڈی ایٹکنسن 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔

آئی سی سی وفد کی جانب سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سہولیات کا جائزہ لیا گیا اور مقامی گراؤنڈ اسٹاف کیساتھ اپنا تجربہ شیئر کیا۔ ایٹکنسن کراچی کے بعد لاہور اور پھر راولپنڈی کا دورہ کریں گے، جہاں چیمپئینز ٹرافی 2025ء کے میچز شیڈول رکھے جائیں گے۔ گزشتہ ماہ آئی سی سی کی 3 رکنی ٹیم نے وینیوز کا جائزہ لیا تھا۔

ایونٹ فروری 2025ء میں پلان کیا گیا ہے اور پی سی بی پہلے ہی ڈرافٹ شیڈول آئی سی سی کے ساتھ ان 3 مقامات پر میچز کا شیڈول شیئر کر چکا ہے۔ 8 ٹیموں کا ٹورنامنٹ 2 ہفتوں تک جاری رہنے کی توقع ہے تاہم ابھی تک تاریخوں کا حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔ ایشیاء کپ کے بعد یہ دوسرا میگا ایونٹ ہوگا جس کی میزبانی پاکستان کر رہا ہے۔