اپنی آئینی حدود کو جانتے ہیں: دوسروں سے بھی پاسداری مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں، آرمی چیف

image

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ عسکری قیادت آپ سے توقع کرتی ہے کہ آپ ہمارے ملک کے بہترین جذبے، ادارے کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی لازوال روایت کو ہمیشہ قائم رکھیں گے۔

سیالپور: (نیوز ڈیسک) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم اپنی آئینی حدود کو بخوبی جانتے ہیں اور دوسروں سے بھی پاسداری مقدم رکھنے کی توقع رکھتے ہیں۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری) نے پاکستان ایئر فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب میں کیڈٹس  سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہماری امیدوں کا مرکز، آسمانوں کے محافظ اور علاقائی یکجہتی کے ضامن ہیں، آپ سے توقع کی جاتی ہے کہ آپ کردار، ہمت اور قابلیت کی خوبیوں سے مُزیّن زندگی گزاریں گے۔

انہوں  نے مزید  کہا کہ پاک فضائیہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اُتری ہے، آئین کے آرٹیکل 19 میں واضح طور پر آزادی اظہار رائے کی حدود متعین کی گئی ہیں، جو لوگ آئین میں دی گئی آزادی رائے پر عائد کی گئی واضح قیود کی پامالی کرتے ہیں وہ دوسروں پر انگلیاں نہیں اٹھا سکتے۔ ان کاکہنا تھا کہ اسلحے کی دوڑ سے خطے میں طاقت کا توازن بگڑنے کا امکان ہے، مصنوعی ذہانت، روبوٹکس اور کوانٹم کمپیوٹنگ سمیت مخصوص ٹیکنالوجیز فضائی طاقت کے استعمال کو تبدیل کر نے کے ساتھ ساتھ اس کے دائرہ کار کو وسعت دے رہی ہیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ آپ کا طرز عمل نہ صرف آپ کی ذاتی اخلاقیات بلکہ قابل احترام ادارے کے لیے بھی غیر معمولی ہوگا، آپ مادر وطن کے دفاع، عزت و وقار کے لئے قربانی دینے سے کبھی دریغ نہیں کریں گے۔