دوا ساز کمپنی بائیو لیبز کی تیار کردہ دوائیں غیر معیاری قرار

image

سینٹرل ڈرگ لیب کراچی سے 2 ادویات میبزول اور بائیو رِس کے غیر معیاری ہونے کی تصدیق، ان دواؤں میں ایتھیلین گلائیکول کی موجودگی کا انکشاف، ایتھیلین گلائیکول کی معمولی مقدار جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اسلام آباد کی دوا ساز کمپنی بائیو لیبز کی تیار کردہ 2 دوائیں غیر معیاری قرار دے دی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ڈریپ نے الرٹ جاری کر دیا ہے اور ان غیر معیاری دواؤں کے استعمال سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔ ان غیر معیاری دواؤں میں جان لیوا مرکب کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ 

واضح رہے کہ سینٹرل ڈرگ لیب کراچی سے 2 ادویات میبزول اور بائیو رِس کے غیر معیاری ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ جاری کردہ الرٹ کے مطابق میبزول سسپنشن 100 ایم جی کے 2 بیچ اور بائیو رِس اورل سلوشن 1 ایم جی کا ایک بیچ غیر معیاری اور نقصان دہ قرار دیے گئے ہیں۔ اس کے علاؤہ قے کیلئے استعمال ہونے والی ڈمپیریڈون فارمولے کی دوا میبزول کے 2 بیچ بھی غیر معیاری نکلے ہیں۔

ذہنی مرض کیلئے استعمال ہونے والی دوا سکیزوفرینیا بائیو رِس کا ایک بیچ 23بی061 غیر معیاری نکلا ہے۔ ان دواؤں میں ایتھیلین گلائیکول کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے اور ایتھیلین گلائیکول کی معمولی مقدار جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔ واضح رہے کہ ڈائی ایتھیلین گلائیکول، ایتھیلین گلائیکول ایک زہریلا مرکب بناتے ہیں، جو دل، گردے، مرکزی اعصابی نظام کیلئے نقصان دہ ہے۔