وزیر اعلیٰ سندھ نے سرکاری جامعات میں غیر منظور شدہ الاؤنسز روکنے کا حکم دے دیا

image

سندھ کی اکثر جامعات بدترین مالی خسارے کا شکار، ہائر ایجوکیشن کمیشن کو ان تمام معاملات پر نگاہ رکھتے ہوئے اپنی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی گئی، سندھ کی تمام سرکاری جامعات کو جمعرات کی دوپہر ہدایت نامہ موصول ہو گیا ہے۔ 

کراچی: (نیوز ڈیسک) سندھ حکومت کی جانب سے صوبے کی تمام سرکاری جامعات کے ملازمین کو دیے جانے والے غیر منظور شدہ الاؤنسز فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کی جانب سے تمام سرکاری جامعات کو جمعرات کی دوپہر ہدایت نامہ بھی موصول ہو گیا ہے۔ ایک یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ غیر منظور شدہ الاؤنسز جامعات میں بدترین مالی خسارے کا سبب بن رہے ہیں۔ 

وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز سے کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملے پر اپنی سنڈیکیٹ کا خصوصی اجلاس بلا کر عقلی بنیادوں پر فیصلہ کریں۔ سندھ حکومت نے سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کو تمام معاملات پر نگاہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے جاری کردہ خط میں 16 خلاف ضابطہ یا غیر منظور شدہ عنوانات درج کیے گئے ہیں۔ اس قسم کے الاؤسز جامعات پر اربوں روپے کے مالی بوجھ کا سبب بن رہے ہیں۔ 

خط میں وائس چانسلرز سے کہا گیا ہے کہ ائندہ کوئی بھی فیصلہ کرنے سے پہلے مالی صورتحال کو ملحوظ خاطر رکھیں۔ واضح رہے کہ یہ خط ایسے وقت پر جاری کیا گیا ہے جب جامعہ کراچی کے ملازمین کئی روز سے ہڑتال پر ہیں۔ یونیورسٹی کے ملازمین سبزہ میں جمع ہوتے ہیں اور انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہیں۔ یونیورسٹی کے سبزہ زار میں جمعرات کو بھی ایک احتجاج کیا گیا جس میں ایک سیاسی شخصیت بھی موجود تھی۔