گوگل سرچ انجن کے ڈاؤن ہونے سے لاکھوں صارفین کو پریشانی کا سامنا

image

سرچ انجن پر 502 ایرر لکھا ہوا آنے لگا، برطانیہ سے تعلق رکھنے والے تقریباً 300 صارفین نے اس بارے میں شکایت کی، گوگل کمپنی کی جانب سے اس اچانک بندش کے بارے میں کوئی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ 

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) گوگل سرچ انجن ڈاؤن ہونے کی وجہ سے لاکھوں صارفین کو پریشانی کا سامنا ہے۔ دنیا بھر کے صارفین سوشل میڈیا پر سرچ انجن ڈاؤن ہونے کی شکایات کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔ صارفین جب گوگل سرچ انجن پر جاتے ہیں تو 502 ایرر لکھا ہوا نظر آتا ہے۔ 

واضح رہے کہ دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گزشتہ روز اچانک ڈاؤن ہو گیا تھا۔ انٹرنیٹ کمپنیوں سے متعلق شکایات پر نظر رکھنے والے ادارے ڈاؤن ڈٹیکٹر نے بھی تصدیق کی کہ امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا اور بھارت میں صارفین کو گوگل سرچ انجن تک رسائی میں پریشانی پیش آئی۔ امریکہ اور برطانیہ کے متعدد صارفین نے سوشل میڈیا پر گوگل سرچ انجن ڈاؤن ہونے کی شکایت کی۔ 

ڈاؤن ڈٹیکٹر نے ایک رپورٹ میں لکھا کہ برطانیہ سے تعلق رکھنے والے تقریباً 300 صارفین نے اس بارے میں شکایت کی ہے۔ امریکہ کے مختلف حصوں سے بھی ایسی 1400 سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں۔ رپورٹس کے مطابق مسئلہ صرف سرچ انجن میں پیش آ رہا تھا، جبکہ گوگل کا جی میل، یوٹیوب، اور گوگل ٹاک اچھی طرح سے چل رہے تھے، تاہم تقریباً 100 صارفین نے گوگل میپس کے حوالے سے ایسی ہی شکایات کی تھیں۔