جے یو آئی (ف) کا کراچی میں پاور شو

image

ضلعی انتظامیہ کا جلسہ کرنے کی اجازت دینے سے انکار، جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ریاستی رٹ چیلنج کرتے ہوئے پنڈال سجا لیا، مولانا فضل الرحمان جلسہء عام سے خطاب کریں گے۔

کراچی: (نیوز ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام (ف) نے انتظامیہ کی اجازت کے بغیر ہی نیو ایم اے جناح روڈ پر جلسے کیلئے پنڈال سجا لیا ہے۔ ایس ایس پی ضلع شرقی کی رپورٹ پر ڈپٹی کمشنر شرقی کا حکم نامہ جاری ہوا جس کے مطابق کمشنر کراچی کی جانب سے جمعیت علمائے اسلام کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ دہشت گردی کے واقعات کے پیش نظر کسی بھی بڑے عوامی اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔ جلسہ کی اجازت نہ ہونے پر بھی ٹریفک پولیس نے متبادل راستوں کا پلان دے دیا۔ جے یو آئی نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف جلسہء عام کا انعقاد کیا اور اسے ’ عوامی اسمبلی ’ کا عنوان دیا ہے۔

ترجمان جے یو آئی کے مطابق جلسہ پیپلز چورنگی نیو ایم جناح روڈ پر شام 5 بجے ہوگا جبکہ جلسہ گاہ کے انتظامات مکمل کر کے اسٹیج سجا دیا گیا ہے۔ جلسے میں جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خطاب کریں گے، سربراہ جے یو آئی کراچی پہنچ چکے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ضلعی انتظامیہ رٹ کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے گی یا سیاسی جماعت کو پرامن جلسہ کرنے دیا جائے گا۔