الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کا معاملہ عدالت پہنچ گیا

image

 

لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست سماعت کیلئے مقرر، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ 6 مئی کو سماعت کریں گے، درخواست گزار نے الیکشن کمیشن میں حاضر سروس ججوں کو تعینات کرنے کی اپیل کر دی ہے۔ 

لاہور: (نیوز ڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تشکیل نو کا معاملہ عدالت پہنچ گیا ہے۔ طالب حسین نامی شہری نے الیکشن کمیشن کی تشکیل نو سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہوئی تھی۔ لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست سماعت کیلئے مقرر ہو گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں دائر کردہ درخواست پر سماعت 6 مئی کو ہوگی۔ 

الیکشن کمیشن کی تشکیل نو کیلئے دائر کی جانے والی درخواست پر سماعت چیف جسٹس ملک شہزاد احمد کریں گے۔ عدالت کی جانب سے درخواست گزار کے وکیل کو درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن اور اس کے ممبران کا تقرر سیاسی بنیادوں پر کیا جاتا ہے۔ 

درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان اور اس کے ممبران کی حیثیت متنازع ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان تقرریوں کی وجہ سے حالیہ الیکشن پر تنقید ہو رہی ہے۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ چیف الیکشن کمشنر اور تمام ممبران کی جگہ حاضر سروس ججز کو تعینات کیا جائے۔