پاکستان تحریک انصاف اندرونی اختلافات کا شکار

image

چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے شیر افضل مروت کی جگہ شیخ وقاص اکرم کے نام کی منظوری، اسد قیصر، شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار اور زلفی بخاری نے شیر افضل مروت کو چیئرمین پی اے سی نامزد کیا تھا، شیخ وقاص اکرم کے نام کی منظوری پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں عمر ایوب اور شبلی فراز نے دی ہے۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف اندرونی اختلافات کا شکار ہو گئی ہے۔ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کیلئے شیخ وقاص اکرم کو نامزد کر دیا گیا ہے۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چیئرمین پی اے سی کیلئے شیر افضل مروت کو نامزد کیا گیا تھا۔ 

ذرائع کے مطابق شیر افضل مروت کا نام واپس لینے کیلئے پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلایا گیا تھا۔ اجلاس کے دوران عمر ایوب اور شبلی فراز نے شیر افضل مروت کو ہٹانے کیلئے ووٹنگ کرائی۔ ووٹنگ کے دوران اسد قیصر، شہریار آفریدی، شاندانہ گلزار اور زلفی بخاری نے شیر افضل مروت کے حق میں ووٹ دیا۔ 

پی ٹی آئی رہنما شیخ وقاص اکرم کو چیئرمین پی اے سی نامزد کرنے کیلئے شبلی فراز اور عمر ایوب نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وقاص اکرم کے نام کی منظوری پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے دی ہے۔ عمر ایوب اور شبلی فراز کا کہنا ہے کہ شیر افضل مروت کا نام واپس لینے کے فیصلے سے متعلق بانی پی ٹی آئی کو آگاہ کیا جائے گا۔