حماس کے حملے میں 3 صہیونی فوجی ہلاک: اسرائیل کی طرف سے دس لاکھ فلسطینیوں کو رفع سے نکلنے کا انتباہ جاری

image

 اسرائیلی فوج پر حماسی مجاہدین کے حملے میں ہلاکتوں کے بعد غزہ کو امداد کی فراہمی  بند، 10 لاکھ فلسطینیوں کو رفح سے نکلنے کا اسرائیلی انتباہ جاری، رفح میں فوجی کارروائی کا خطرہ بڑھ گیا۔

غزہ: (ویب ڈیسک) حماس کے مجاہدین کی جانب سے اسرائیلی فوجیوں پر حملے جاری ہیں، ایک تازہ ترین راکٹ حملے میں 3 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے، یہ ہلاکتیں کرم شیلوم کراسنگ پر ہوئیں جو غزہ کو امداد پہنچانے کے لیے استعمال ہوتی ہے،حماس کے حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ تک امداد کی رسائی کا یہ اہم راستہ بند کردیا۔ 

غزہ کے شہر رفح میں اسرائیل فوج کی شدید ترین فائرنگ اور گولہ باری سے مزید 12 افراد شہید ہوگئے، غزہ میں جنگ بندی اور اسرائیلی یرغمالیوں کو چھوڑنے کے حوالے سے بات چیت ایک بار پھر تعطل کا شکار ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں رفح میں اسرائیلی فوجی کارروائی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیلی فوج نے رفح میں پناہ لینے والے 10 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو رفع چھوڑنے اور کہیں اور منتقل ہونے کہہ دیا ورنہ آپریشن کے دوران سب مارے جاؤ گے، اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ حماس نے جنوبی غزہ میں پروجیکٹائل میزائل داغے، حماس نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا ہے کہ قریب ہی واقع اسرائیلی فوجی اڈا اُس کا نشانہ تھا۔