آئی ایم ایف کا مشن رواں ماہ اصلاحات کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گا

image

پاکستان نے گزشتہ ماہ آئی ایم ایف کا تین ارب ڈالر قلیل مدتی پروگرام کامیابی سے مکمل کیا، اب نئے مالی سال کے بجٹ پر بات ہوگی۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کا مشن رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔ پالیسیوں اور اصلاحات پر بات چیت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام کے حجم سے زیادہ اصلاحات میں تیزی لانے پر زور دے رہا ہے۔ پاکستان نے گزشتہ ماہ تین ارب ڈالر قلیل مدتی پروگرام کامیابی سے مکمل کیا۔ اب حکومت  نئے طویل مدتی پروگرام پر زور دے رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے نئے قرض پروگرام کے سلسلے میں عالمی مالیاتی ادارے کا مشن رواں ماہ پاکستان کا دورہ کرے گا۔ پالیسیوں اور اصلاحات پر بات چیت کی جائے گی جبکہ نئے مالی سال کے بجٹ پر بھی گفتگو ہوگی۔

آئی ایم ایف نے مشن کے دورے کی حتمی تاریخ اور پروگرام کی مدت کے حوالے سے وضاحت نہیں کی۔ بیان میں کہا گیا کہ اس وقت پاکستان کے لیے پروگرام کے سائز سے زیادہ اصلاحات کی رفتار زیادہ اہم ہے۔ اصلاحات اور ادائیگیوں ک توازن کا پیکج ہی پروگرام کے سائز کا بھی تعین کرے گا۔ پاکستان گزشتہ موسم گرما میں دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ گیا تھا۔