جسٹس محسن اختر کیانی نے بھی توہین عدالت کی کاروائی کیلئے خط لکھ دیا

image

 

ججز کیخلاف بدنیتی پر مبنی مہم، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو خط لکھ دیا گیا، جسٹس محسن اختر کیانی نے توہین عدالت کی کاروائی جلد شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) جسٹس محسن اختر کیانی نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کو توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کیلئے خط لکھ دیا ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے خط میں لکھا کہ بدنیتی پر مبنی مہم پر توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فارق ممکنہ طور پر جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر توہین عدالت کی کارروائی کیلئے لارجر بینچ تشکیل دیں گے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ ان کے اور اہل خانہ کی ذاتی معلومات بشمول امریکی رہائشی اجازت نامہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جانے کے بعد جسٹس بابر ستار نے چیف جسٹس عامر فاروق سے درخواست کی ہے کہ توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ 28 اپریل کو جسٹس بابر ستار کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر اسلام آباد ہائی کورٹ کا اعلامیہ جاری کیا گیا تھا۔ اعلامیے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے جسٹس بابر ستار کے گرین کارڈ، بچوں کی امریکی شہریت، امریکی جائیدادوں اور فیملی بزنس پر وضاحت دی تھی۔

وضاحتی بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پر جسٹس بابر ستار کے خلاف ہتک آمیز اور بے بنیاد مہم چلائی جا رہی ہے۔ سوشل میڈیا پر جسٹس بابر ستار کی خفیہ معلومات پوسٹ اور ری پوسٹ کی جا رہی ہیں۔ جسٹس بابر ستار، اُن کی اہلیہ اور بچوں کے سفری دستاویزات سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جا رہے ہیں۔