اے ٹی سی لاہور میں 9 مئی مقدمات کی سماعت

image

سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو عدالت میں پیش کیا گیا، کمرہ عدالت میں شاہ محمود قریشی کی صحافیوں سے گفتگو، 40 سال سے سیاست میں ہوں، اس سے پہلے مجھ پر کوئی مقدمہ نہیں ہوا تھا۔

لاہور: (نیوز ڈیسک) اے ٹی سی لاہور میں 9 مئی مقدمات کی سماعت ہوئی ہے۔ سابق وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کمرہ عدالت میں صحافیوں سے گفتگو کی۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ اگر میں اسٹیبلشمنٹ کا بندہ ہوتا تو آج جیل میں نہ ہوتا۔ 

سابق وزیرِ خارجہ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ میں 40 سال سے سیاست کر رہا ہوں لیکن مجھ پر کوئی مقدمہ نہیں بنا۔ انہوں نے کہا کہ جب مجھ پر مقدمات بنائے گئے تو میں پنجاب میں نہیں تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے ایک سال 2 ماہ بعد گرفتار کیا گیا، جب میں جیل سے رہا ہوا تو مجھے 9 مئی کے مقدمات میں گرفتار کر لیا گیا۔ 

عدالت میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں بانی پی ٹی آئی کا نائب کپتان ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں بھاگنے والوں میں سے نہیں ہوں، میرے مخالف مجھ سے ڈرتے ہیں، اگر میں جیل سے باہر آ گیا تو لوگ اکٹھے ہوں گے۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ میرے خلاف پارٹی میں بھی ایک بڑی کمپین چلائی گئی تھی۔