لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے جلسے سے متعلق درخواستوں پر سماعت

image

جسٹس فاروق حیدر نے لارجر بینچ تشکیل دینے کی سفارش کر دی، پی ٹی آئی نے 21 ستمبر کو لاہور میں جلسے کی اجازت کیلئے عدالت سے رجوع کیا، انتظامیہ نے تاحال پی ٹی آئی کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی۔

لاہور: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف کے لاہور میں شیڈول جلسے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردہ درخواست پر سماعت ہوئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فاروق حیدر نے عالیہ حمزہ اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی ہے۔ دوران سماعت جسٹس فاروق حیدر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ فائلز 10 منٹ میں چیف جسٹس کے پاس بھجوائی جائیں گی۔ 

سماعت کے دوران جسٹس فاروق حیدر نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ یہ مفاد عامہ کا معاملہ ہے لہٰذا اس کی آئینی تشریح ہونا ضروری ہے۔ معزز جج نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ عدالت میں جلسہ کرنے اور جلسہ رکوانے والی دونوں درخواستیں دائر کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان درخواستوں کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل دیا جائے گا۔ 

خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کا جلسہ رکوانے کیلئے مرزا واحد رفیق نے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ درخواست میں انہوں نے مؤقف اپنایا ہے کہ پی ٹی آئی اپنے مؤقف سے ہٹ کر لاہور میں جلسہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے پی ٹی آئی کے جلسے میں حکومت اور عدلیہ کے خلاف زبان استعمال کی گئی۔ 

دوسری جانب پاکستان تحریکِ انصاف نے 21 ستمبر کو لاہور میں جلسے کی اجازت کیلئے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں ڈپٹی کمشنر لاہور، پنجاب حکومت اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہائیکورٹ نے 9 اگست کو ڈی سی لاہور کو جلسہ کرنے کی اجازت دینے کا حکم دیا تھا جس پر عمل نہیں کیا گیا۔ 

پاکستان تحریکِ انصاف نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ انہیں 21 ستمبر کو جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔ یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے لاہور میں 21 ستمبر کو جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے تاحال جلسے کی اجازت نہیں دی۔ انتظامیہ سے اجازت نہ ملنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔