بھارت میں 2026ء کے پہلے 10 ماہ کے دوران مسلم مخالف تشدد، 58 مسلمان قتل
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں جنوری سے اپریل کے دوران 17، مئی سے جولائی تک 25 جبکہ اگست سے اکتوبر کے دوران 16 مسلمانوں کو قتل کیا گیا۔ ان میں سے بیشتر واقعات بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے زیر اقتدار ریاستوں میں پیش آئے۔رپورٹ میں بھارتی پولیس کے مبینہ 118 جعلی مقابلوں اور نفرت انگیز تقاریر کے 146 واقعات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مساجد اور مسلمانوں کے مکانات کی مسماری، مدارس کی بندش اور جبری بے دخلیوں کو بھی تشویش ناک قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جنوری سے اپریل کے دوران بھارت کی کم از کم 18 ریاستوں میں مسلمانوں پر حملوں اور انہیں ہراساں کرنے کے 48 سے زائد واقعات رپورٹ ہوئے۔ ان واقعات میں گاؤ رکھشا کے نام پر تشدد اور مسلمانوں کو بنگلہ دیشی قرار دینے کے واقعات بھی شامل ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اگست سے اکتوبر کے دوران پولیس مقابلوں میں 118 مسلمانوں کو گولیاں مار کر زخمی کیا گیا، جن میں سے 105 واقعات ریاست اتر پردیش میں پیش آئے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی ایک تحقیق کے مطابق 2020ء سے اتر پردیش میں گائے کی اسمگلنگ کے الزامات پر پولیس فائرنگ کا نشانہ بننے والے تقریباً 650 افراد میں سے 93 فیصد مسلمان تھے۔
دوسری جانب بھارت میں مسلمانوں کے نام انتخابی فہرستوں سے خارج کرنے اور انہیں جبری طور پر بے دخل کرنے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ رپورٹ کے مطابق آسام میں اکتوبر کے دوران 1,100 سے زائد مسلم خاندانوں کو جبری طور پر بے دخل کیا گیا، جن میں اکثریت بنگالی زبان بولنے والے مسلمانوں کی تھی۔
#InternationalNews
#24thNov2026
#India
#Muslims
#AntiMuslimViolence
#MuslimVictims
#IndiaNews
#HumanRights #KashmirMediaService
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNWorld
#TheViewsNetwork