پوپ فرانسس کی ذاتی ڈائری پر مبنی کتاب منظرِ عام پر، شیطان کو تین مرتبہ دیکھنے کا دعویٰ بھی شامل

image

ویٹیکن: (ویب ڈیسک) غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کتاب کو کارڈینل وکٹر مینوئل فرنانڈیز نے مرتب کیا ہے، جو ویٹیکن کے ادارے ’’ڈیکاسٹری فار دی ڈوکٹرین آف دی فیتھ‘‘ کے سربراہ اور پوپ فرانسس کے قریبی معاون رہے ہیں۔ یہ کتاب دنیا کے 94 ممالک میں پانچ زبانوں میں شائع کی جا رہی ہے۔ کارڈینل فرنانڈیز کے مطابق پوپ فرانسس نے اپریل 2025ء میں انتقال سے قبل اپنی ڈائری کے مندرجات عام کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم کتاب میں ان کی مکمل ڈائری شامل نہیں کی گئی۔ کتاب میں پوپ فرانسس کے دور میں ویٹیکن اور رومن کیوریا کے اندرونی اختلافات اور اہم فیصلوں کا بھی تذکرہ ہے۔

کارڈینل فرنانڈیز کے مطابق پوپ فرانسس شادی شدہ مردوں کو پادری مقرر کرنے کی تجویز پر عمل درآمد کے خواہاں تھے، تاہم چرچ کے اندر اختلافات اور مزید کشیدگی پیدا ہونے کے خدشے کے باعث انہوں نے بالآخر اس معاملے کو آگے بڑھانے سے گریز کیا۔ دوسری جانب کتاب کے اہم حصوں میں جنوری 2021ء کی ایک تحریر بھی شامل ہے، جس میں پوپ فرانسس نے شیطان کو تین مرتبہ دیکھنے کے تجربات بیان کیے ہیں۔ ڈائری کے مطابق پہلا واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ارجنٹائن کے شہر بیونس آئرس میں بشپ تھے اور انہوں نے شیطان کو گاڑی کی کھڑکی سے دیکھا تھا۔ ان کے بقول اس کی آنکھیں انہیں آج بھی یاد ہیں، جو بیک وقت دھمکی آمیز اور پُرکشش تھیں۔

پوپ فرانسس نے دوسری مرتبہ شیطان کو دیکھنے کا واقعہ بھی ارجنٹائن میں پیش آنے کا ذکر کیا، تاہم اسے پہلے واقعے سے زیادہ شدید قرار دیا۔ ڈائری میں چرچ کے عہدیداروں کے جنسی استحصال کے اسکینڈل پر ان کے ردعمل کا ذکر بھی موجود ہے، جس کے مطابق جب انہیں اس معاملے کی سنگینی کا اندازہ ہوا تو انہیں جہنم کے دروازے دکھائی دیے۔ کتاب میں ان تحریروں کے ذریعے پوپ فرانسس کے روحانی تجربات اور شیطان سے متعلق ان کے بیان کردہ واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔

#InternationalNews
#25thNov2026
#PopeFrancis
 #Vatican #PrivateDiary
 #CatholicChurch
 #ChurchScandals
 #International #Religion
#TVN
#News
#TVNUrdu
#TVNWorld
#TheViewsNetwork