دھند کے باعث بند تمام موٹرویز ٹریفک کے لیے کھول دی گئیں
اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے باعث بند ہونے والی تمام موٹرویز کے متاثرہ سیکشنز پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے بعد موٹروے پولیس کی حدود میں آنے والی تمام موٹرویز کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس سینٹرل ریجن سید عمران احمد نے بتایا کہ دھند کی وجہ سے جن موٹروے سیکشنز پر آمدورفت عارضی طور پر معطل کی گئی تھی، وہاں اب ٹریفک معمول کے مطابق بحال کر دی گئی ہے۔
موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ سفر کے دوران محتاط ڈرائیونگ کریں، گاڑیوں کے درمیان محفوظ فاصلہ برقرار رکھیں اور رفتار کو موسمی حالات کے مطابق رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار حادثے سے بچا جا سکے۔