وزیراعظم شہباز شریف نے وزراء کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے روک دیا

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تمام وزراء کو ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے روک دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیروں کے ایک دوسرے کے خلاف بیانات سے حکومت کا برا تاثر جاتا ہے، اس لیے یہ سلسلہ اب مکمل طور پر بند ہونا چاہیے۔ وزیراعظم نے ہدایت دی کہ کابینہ کے تمام ارکان آپس میں پیار محبت اور اتفاق سے کام کریں اور ہر معاملہ بات چیت سے حل کریں۔ 

شہباز شریف نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو بھی کہا کہ وہ بھی ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی سے بچیں اور اچھی اور مثبت بات کریں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ساری توجہ صرف عوام کی فلاح و بہبود پر ہے۔ وزراء اچھا کام کر رہے ہیں اور ان کی توجہ صرف عوام کی خدمت اور ملک کی ترقی پر رہنی چاہیے۔ 

ملکی صورتحال پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے ہمیشہ ترقی کی سیاست کو آگے بڑھایا ہے۔ حکومت معاشی استحکام سے اب پائیدار معاشی ترقی کی طرف جا رہی ہے، اور پاکستان کو دنیا میں اور سفارتی محاذ پر بھی کئی بڑی کامیابیاں ملی ہیں۔ آخر میں وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔