پنجاب میں ڈومیسائل کے اجراء کا پرانا طریقہ کار ختم

image

لاہور: (نیوز ڈیسک) پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں ڈومیسائل سرٹیفیکیٹس کے اجراء کا روایتی طریقہ کار ختم کرتے ہوئے مرحلہ وار نیا آن لائن سسٹم نافذ کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس اقدام کا بنیادی مقصد ڈومیسائل کے حصول کے عمل کو عوام کے لیے مزید سادہ، شفاف اور قابلِ رسائی بنانا ہے۔ نئے نظام کے تحت اب شہریوں کو روایتی دفاتر کے چکر لگانے کے بجائے درخواست جمع کرانے کے لیے 3 مختلف ذرائع فراہم کیے گئے ہیں۔ 

پہلے طریقے کے مطابق درخواست گزار حکومت کے مقرر کردہ ای خدمت مراکز پر جا کر اپنی درخواستیں جمع کرانے کے ساتھ مقررہ پروسیسنگ فیس بھی ادا کر سکیں گے۔ دوسرے آپشن کے طور پر شہری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اقدام کے تحت متعارف کرائے گئے ایک خصوصی آن لائن ڈیش بورڈ کے ذریعے براہِ راست بھی اپنی درخواست بھیج سکتے ہیں۔

اسی طرح تیسرے ذریعے کے طور پر شہریوں کو ’مریم کی دستک‘ سروس کے ذریعے بھی ڈومیسائل بنوانے کی سہولت میسر ہوگی۔ سرکاری حکام کے مطابق اس جدید نظام کے مکمل نفاذ کے بعد پرانا طریقہ کار مکمل طور پر منسوخ ہو جائے گا اور آئندہ تمام ڈومیسائل سرٹیفیکیٹس صرف آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے ہی جاری ہوں گے۔