بھارت میں انسانی حقوق کی صورت حال پر عالمی رپورٹ جاری
اسلام آباد (ویب ڈیسک) عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے بھارت میں انسانی حقوق پر 95 صفحات پر مشتمل رپورٹ جاری کردی ہے۔ رپورٹ میں مودی حکومت کی پالیسیوں، جمہوری اداروں کی کمزوری اور اپوزیشن کے خلاف کارروائیوں پر تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ تنظیم کے مطابق 2014ء سے بھارت میں جمہوری اداروں کو نقصان پہنچا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اپوزیشن کے 146 ارکان پارلیمنٹ کو معطل کرکے متنازع قوانین منظور کرائے گئے۔ بھارتی تحقیقاتی اداروں کے 95 فیصد مقدمات اپوزیشن رہنماؤں کے خلاف بنائے جانے کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مسلمانوں سمیت مذہبی اقلیتوں کو تشدد اور امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔
ہیومن رائٹس واچ نے انسداد دہشت گردی کے مقدمات میں سزا کی شرح صرف 3.8 فیصد بتائی ہے۔ رپورٹ میں انتخابی فہرستوں سے 13 کروڑ سے زائد ووٹرز کے نام خارج ہونے پر بھی تشویش ظاہر کی گئی ہے۔ تنظیم کے مطابق اس اقدام سے خواتین، غریب طبقے اور مذہبی اقلیتیں زیادہ متاثر ہوئی ہیں۔