ماہ رمضان میں استعمال ہونے والے بہترین مشروبات

image

سحر اور افطار کے وقت بہترین مشروبات کا استعمال گرمی کی شدت سے بچانے میں مدددگار، ناریل کا پانی جسم کو تازہ دم کرتا ہے، گنے کا رس گرمی کی شدت کم کرنے کے ساتھ انرجی ڈرنک کا کام بھی کرتا ہے۔

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) ماہ رمضان کے دوران صحت مند غذا کا انتخاب بہت ضروری ہوتا ہے۔ دن بھر کی بھوک پیاس کی وجہ سے جسم کی توانائی میں کم آ جاتی ہے۔ دوسری جانب ہر گزرتے دن کے ساتھ موسم گرما کی شدت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے روز داروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

سحر اور افطار کے وقت چند مشروبات کا استعمال گرمی کی شدت سے بچانے میں مدددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ پانی کے بعد ناریل کا پانی ایک بہترین مشروب ہے۔ یہ جسم کو تازہ دم کرتا ہے اور اس کا میٹھا ذائقہ زبان کا مزہ بھی دوبالا کرتا ہے۔ یہ شفاف سیال روزے کے طویل دورانیے کے بعد جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔

لیموں کا پانی جسم کو توانائی سے بھرپور بنانے کے ساتھ ساتھ پیاس کو بھی مٹاتا ہے۔ یہ جسم کو وٹامن سی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نظام ہاضمہ کو بھی بہتر بناتا ہے۔ لیموں پانی پینے سے رمضان میں سینے میں جلن یا پیٹ پھولنے کی عام تکلیف کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔

ماہ رمضان میں دہی سے بننے والی لسی نظام ہاضمہ کو بہتر کرنے کے ساتھ جسم کو توانائی بھی فراہم کرتی ہے۔ گنے کا رس گرمی کی شدت کم کرنے کے ساتھ انرجی ڈرنک کی طرح کام کرتا ہے۔ گنے کا رس اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہونے کی وجہ سے یہ جگر کو طاقت دیتا ہے۔