محمد عامر کی مکی آرتھر کے حق میں پوسٹ

image
محمد عامر کی ٹیم پاکستان میں واپسی کیلئے راہیں ہموار، عالمی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ واپس لے لی، بھرپور سپورٹ کرنے پر سابق کوچ کا شکریہ ادا کیا۔
لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) تیز گیند باز محمد عامر نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھرپور اعتماد دینے اور سپورٹ کرنے کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
پاکستان کو کئی فتوحات دلانے والے فاسٹ بولر محمد عامر جنہوں نے پی سی بی کی سابقہ انتظامیہ کے رویے سے دستبردار ہو کر 2020ء میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا۔ وہ تب سے ملکی اور غیر ملکی لیگز کھیل رہے تھے۔ انہوں نے ریٹائرمنٹ واپس لے کر پی سی بی کو آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سمیت دیگر سیریز کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کر دی ہے۔
محمد عامر نے اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میرے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان بہت مثبت بات چیت ہوئی ہے جس میں انہوں نے احترام کے ساتھ مجھے یہ احساس دلایا کہ ٹیم کو میری ضرورت ہے اور میں پاکستان کے لیے مزید کھیل سکتا ہوں۔ میں اپنے خاندان اور خیر خواہوں سے مشاورت کے بعد آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کرتا ہوں۔