آئی سی سی سیکیورٹی وفد کی پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم آمد

image
چیمپئنز ٹرافی 2024ء کی تیاریاں، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے وفد نے لاہور اور کراچی کا دورہ بھی کیا، تینوں شہروں کے ہوٹلوں اور روٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔
راولپنڈی: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان میں آئندہ سال فروری میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آئی سی سی وفد نے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا ہے۔ پاکستان آئندہ سال فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔ میگا ایونٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا وفد پاکستان کے دورے پر ہے جس نے تیسرے مرحلے میں آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
آئی سی سی ایونٹ آپریشنز کے سربراہ کرس ٹیلٹلی کی سربراہی میں سینیئر منیجر سارہ ایڈگر اور ایونٹ منیجر عون زیدی پر مشتمل وفد نے اسٹیڈیم کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے آمدورفت کے راستوں، سہولتوں، ڈریسنگ رومز اور مختلف اسٹینڈز کا جائزہ لیا۔ پی سی بی حکام اور اسٹیڈیم انتظامیہ کی جانب سے آئی سی سی ٹیم کو انتظامات اور سیکیورٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آئی سی سی کا یہ وفد آج چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے بھی ملاقات کرے گا اور محسن نقوی وفد کو چیمپئنز ٹرافی کی  تیاریوں سے آگاہ کریں گے۔
دوسری طرف سابق کپتان بابر اعظم ایک بار پھر پاکستان ٹیم کی قیادت کے امیدوار بن گئے ہیں اور پی سی بی عہدیداروں نے ان سے رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کاکول اکیڈمی میں منعقد فٹنس کیمپ میں شرکت کے لیے ایبٹ آباد جانے سے قبل بابر اعظم بورڈ آفیشل سے اس حوالے سے اہم ملاقات کر سکتے ہیں۔ بابر اعظم کو پی سی بی اگر دوبارہ قیادت سونپنے کی پیشکش کرتا ہے تو وہ اس اہم ذمے داری کو قبول کرنے سے قبل پی سی بی سے بعض یقین دہانیاں چاہتے ہیں۔