آئی پی ایل 2024ء کا رنگارنگ آغاز

image

اوپننگ میچ میں رنز کا سیلاب، ممبئی انڈیز اور سن رائزز حیدرآباد کے درمیان زبردست مقابلہ، اس میچ میں ٹی ٹوئنٹی کی تاریخ کے سب سے زیادہ مجموعی رنز 523 بنائے گئے۔

حیدرآباد دکن: (اسپورٹس ڈیسک) آئی پی ایل میں گزشتہ روز ہونے والے سن رائزرز حیدرآباد اور ممبئی انڈینز کے میچ نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی ریکارڈ بُک کو تہہ و بالا کر دیا۔گزشتہ روز انڈین پریمیئر لیگ 2024ء میں سن رائزرز حیدرآباد اور ممبئی انڈینز کے درمیان میچ ریکارڈ ساز رہا جس میں رنز کی اتنی زیادہ برسات ہوئی کہ وہ ریکارڈز کے سیلاب میں تبدیل ہو گئی۔ اس میچ میں کسی ایک ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ قائم کیا گیا۔

مجموعی طور پر میچ میں سب سے زیادہ رنز بنانے، سب سے زیادہ چھکے لگانے اور ایک ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ چھکوں کے نئے ریکارڈز بنائے گئے۔ صرف یہی نہیں بلکہ پاور پلے اور ابتدائی 10 اوورز میں بھی رنز کی برسات کا نیا ریکارڈ قائم ہوا۔ یہ میچ حیدرآباد دکن میں کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 3 وکٹوں کے نقصان پر ریکارڈ 277 رنز بنا ڈالے۔ ٹرویس ہیٹ نے 24 گیندوں پر 62، ابھیشیک شرما نے 23 گیندوں پر 63 اور ہینرج کلاسن نے 34 گیندوں پر 80 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

اس سے قبل 2013ء کی آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلورو نے واریئرز کے خلاف 5 وکٹ پر 263 رنز بنائے تھے۔ ہدف کے تعاقب میں ممبئی انڈینز کا آغاز متاثر کن نہ رہا لیکن مڈل آرڈر میں تلک ورما 34 گیندوں پر 64 جبکہ ٹم ڈیوڈ نے ناقابل شکست 22 گیندوں پر 42 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 246 رنز ہی بنا سکے۔ یوں اس میچ میں کسی بھی ایک ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ تو بنا لیکن اس کے ساتھ ہی میچ میں مجموعی طور پر 523 رنز بنے جس نے ٹی ٹوئنٹی کی اب تک کی تاریخ کا سب سے زیادہ رنز بننے کا ریکارڈ قائم کیا۔