ایکس صارفین پر ماہانہ فیس کا اطلاق

image

صارفین کو بنیادی فیچرز استعمال کرنے کیلئے بھی فیس ادا کرنا ہو گی، یہ ایکس میں بوٹس کی روک تھام کا واحد راستہ، جو صارف سبسکرپشن پروگرام کا حصہ نہیں بنیں گے وہ اس پلیٹ فارم پر پوسٹس پڑھ تو سکیں گے مگر لائیک نہیں کر سکیں گے۔ 

کیلیفورنیا: (ٹیکنالوجی ڈیسک) اب ایکس کے نئے صارفین کو بنیادی فیچرز استعمال کرنے کیلئے بھی فیس ادا کرنا ہو گی۔ ایلون مسک نے ایکس پوسٹ کے ذریعے اس بات کا عندیہ دیا ہے۔ پوسٹ میں بتایا گیا کہ ایکس کی جانب سے دنیا بھر میں نئے صارفین سے پوسٹ، لائیک، بک مارک اور ریپلائی جیسے فیچرز استعمال کرنے کیلئے معمولی فیس لی جائے گی۔

ایلون مسک کا اس پوسٹ کے جواب میں کہنا تھا کہ یہ ایکس میں بوٹس کی روک تھام کا واحد راستہ ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل ستمبر 2023ء میں ایلون مسک نے عندیہ دیا تھا کہ تمام صارفین کو ایکس کے استعمال پر ماہانہ فیس ادا کرنا ہو گی۔ اس کے بعد اکتوبر 2023ء میں نیوزی لینڈ اور فلپائن میں ایک نئے سبسکرپشن پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا، جس کے تحت سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر نئے اکاؤنٹ بنانے والے افراد کو اپنے فون نمبر کی تصدیق کرنا ہوتی ہے، جبکہ پوسٹ، لائیک، ریپلائی، ری پوسٹ اور بک مارکس جیسے فیچرز استعمال کرنے کیلئے سالانہ ایک ڈالر فیس ادا کرنا ہوتی ہے۔

کچھ دن پہلی ایلون مسک کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اسپام بوٹس کے ذمہ دار افراد پر قوانین کا پوری طاقت سے اطلاق کیا جائے گا۔ اکتوبر 2023ء میں اس پروگرام کو متعارف کراتے ہوئے کمپنی نے کہا تھا کہ جو صارف سبسکرپشن پروگرام کا حصہ نہیں بنیں گے وہ اس پلیٹ فارم پر پوسٹس پڑھ سکیں گے، ویڈیوز دیکھ سکیں گے اور اکاؤنٹس فالو کر سکیں گے، مگر پوسٹ یا لائیک نہیں کر سکیں گے، تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ دنیا بھر میں نئے صارفین سے فیس کا حصول کا پروگرام کب تک متعارف کرایا جائے گا۔