شہباز شریف نے سعودی وفد کا دورۂ پاکستان کامیاب قرار دے دیا

image

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرِاعظم کی گفتگو، وزیراعظم نے سعودی وفد کے کامیاب دورے پر متعلقہ حکام اور وفاقی کابینہ کی کاوشوں کو سراہا، سعودی عرب پاکستان میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا، ملکی ترقی اور معاشی استحکام کیلئے جلد اہداف حاصل کر لیں گے۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ دورانِ اجلاس وزیرِاعظم نے کابینہ اراکین کو عید الفطر کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سعودی ولی عہد کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے سعودی وفد کو پاکستان بھیجا۔ شہباز شریف نے سعودی وفد کے دورے کو کامیاب بنانے پر متعلقہ حکام اور کابینہ اراکین کی کاوشوں کو سراہا۔ 

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی وفد نے پاکستانی وزراء اور حکام کی تیاریوں کی تعریف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اس کا برملا اظہار بھی کیا ہے۔ شہباز شریف نے اپنی گفتگو میں کہا کہ سعودی وفد کے دورے کے نتیجے میں دونوں ملکوں کے درمیان اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اب پرانے طریقہ کار پر چلنے کی گنجائش نہیں ہے۔ 

اجلاس کے دوران شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہم محنت اور لگن سے سرمایہ کاری کی پاکستان میں آمد اور منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بنائیں گے۔ وزیرِاعظم نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے دن رات محنت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِاعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور معاشی استحکام کیلئے جلد اہداف حاصل کر لیں گے۔