حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے عمل کو تیز کر دیا

image

دوسری جانب تیل کی صنعت بھی حکومت پر تنقید کر رہی ہے کہ وہ سستے اور غیر معیاری تیل کی بڑے پیمانے پر، بالخصوص ایران سے اسمگلنگ روکنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہی۔

لاہور: (نیوز ڈیسک) ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور تیل کی مصنوعات کی اسمگلنگ پر آئل انڈسٹری کی شکایات کے تناظر میں حکومت نے عوامی تنقید کا رخ آئل مارکیٹنگ کمپنیز ( او ایم سیز ) کی جانب موڑنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کے عمل کو تیز کردیا ہے۔ کہا گیا کہ اس پریزنٹیشن میں ان کنٹری فریٹ ایکویلائزیشن مارجنز ( آئی ایف ای ایم ) اور دیگر متعلقہ پہلوؤں کا احاطہ ہونا چاہیے۔

حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوامی تنقید کی زد میں رہ چکی ہے حالانکہ اسے اتنی آزادی نہیں کہ وہ قرض دہندگان کی طرف سے مقرر کردہ قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت مختلف مصنوعات پر مقررہ ٹیکس کی شرح کو تبدیل کرسکے۔ اس تمام معاملے میں حکومت کا واحد کردار اوگرا کی جانب سے طے کیے گئے اضافے کا اعلان کرنا ہے، تیل کی مصنوعات میں اضافہ یا کمی بین الاقوامی مارکیٹ اور شرح تبادلہ کے اثرات کا نتیجہ ہوتی ہے۔

اسمگلنگ سے ریگولیٹڈ آئل انڈسٹری کے مارکیٹ شیئر اور منافع کو متاثر کرتی ہے جبکہ اس سے حکومت کو 230 ارب روپے سے زائد کا سالانہ خسارہ ہوتا ہے۔ سرکاری حکام نے ڈان کو بتایا کہ اگرچہ حتمی ڈی ریگولیشن فریم ورک وفاقی کابینہ اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی منظوری سے سامنے آئے گا لیکن پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کا مطلب یکساں قیمتوں کا خاتمہ ہوگا جس کے بعد تیل کمپنیاں مختلف شہروں اور قصبوں کے لیے اپنی قیمتیں مقرر کرنے کے لیے آزاد ہو جائیں گی۔