دبئی کا آسمان سبز ہوگیا، ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر زیرِ گردش

image

کثرتِ آب اور سورج کی شعاعوں کا انعکاس بادلوں کے رنگ کو سبز رنگ میں تبدیل کردیتا ہے، متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں طوفانی بارشوں کے بعد 75 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، سبز بادل کے ساتھ کبھی کبھی بھاری اولوں کی بارش ہوتی ہے جن میں سے کچھ کا قطر 7 سینٹی میٹر تک پہنچ سکتا ہے۔

دبئی: ( ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات کی ریاستوں میں طوفانی بارشوں کے بعد جہاں 75 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا وہیں دبئی کے علاقے جبل علی میں آسمان پر سبز بادل دیکھنے میں آئے جس منظر سے دیکھنے والے حیران ہوگئے۔ عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق آسمان پر سبز بادلوں کے نمودار ہونے کے بعد دبئی میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش دیکھنے میں آئی جس کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پانی کی کثرت اور سورج کی شعاعوں کا انعکاس بادلوں کے رنگ کو سبز رنگ میں تبدیل کردیتا ہے، یوں سمجھ لیں کہ بادلوں کا سبز رنگ سپر کلاؤڈ کی ایک قسم ہے جو مخصوص حالات دن کو رات میں تبدیل کردیتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو ز میں آسمان کے بدلتے رنگ کو دیکھ کر تہلکہ مچ گیا، مقامی رہائشیوں نے حالیہ موسم کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے آنے والے کسی بڑے طوفان کی جانب اشارہ قرار دے دیا۔ دوسری جانب ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ"جبنیلی چیزیں سرخ روشنی سے روشن ہوتی ہیں، تو وہ سبز دکھائی دیتی ہیں۔ سبز رنگ اہم ہے، لیکن اس بات کا ثبوت نہیں ہے کہ طوفان آنے والا ہے۔ ایک سبز بادل صرف تب پیدا ہوتا ہے جب بادل بہت گہرا ہو، جو عام طور پر صرف گرجتے چمکتے بادلوں میں ہوتا ہے۔"

ماہرین موسمیات اور کلائمیٹ سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں ہونے والی شدید بارش کے پیچھے موسمیاتی تبدیلی کار فرما ہے کیوں کہ بارش کے بارے میں کئی روز پہلے ہی پیش گوئی کر دی گئی تھی۔ بتایا جارہا ہے کہ سبز بادل کے ساتھ کبھی کبھی بھاری اولوں کی بارش ہوتی ہے جن میں سے کچھ کا قطر 7 سینٹی میٹر تک پہنچ سکتا ہے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں  دبئی، شارجہ اور ابوظبی سمیت دیگر ریاستوں میں ریکارڈ توڑ طوفانی بارشوں اور ژالہ باری کے بعد وسیع علاقے اور سڑکیں پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، حکام نے اسکولوں کو آن لائن کلاسز اور ملازمین کو گھروں سے کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔