تاجروں کا وزیراعظم کو پڑوسی ممالک اور بانی پی ٹی آئی سے ہاتھ ملانے کی تجویز

image

 تاجروں نے وزیراعظم کو بھارت سمیت پڑوسی ممالک سے تعلقات بہتر بنانے کی تجویز دیدی،  تاجروں نے بجلی کی قیمت میں کمی کا مطالبہ کیا۔

کراچی: (قومی ڈیسک) عارف حبیب نے وزیراعظم کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی جماعتوں سے ہاتھ ملایا، میں چاہتا ہوں آپ دو ہاتھ اور ملائیں، ایک ہاتھ بھارت سمیت پڑوسیوں سے ملائیں، دوسرا ہاتھ اڈیالہ جیل کے باسیوں سے ملائیں، عارف حبیب نے کہا کہ آپ نے سٹاک مارکیٹ کو ریکارڈ سطح پر پہنچایا، بجلی کی قیمت میں کمی کریں۔

وزیراعظم شہبازشریف نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عہد کرلیں اگلے 5 سال میں برآمدات کو دوگنا کرنا ہے، ہماری توجہ ایکسپورٹ بڑھانے پر ہونی چاہئے، تاجر آگے بڑھیں، حکومت کا کام انڈسٹری چلانا نہیں، پالیسی بنانا ہے، تاجر پاکستان کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، تاجروں کی مشاورت سے پالیسی بنائیں گے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ذاتی پسند نہ پسند سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد کا سوچنا ہے، مشکلات ضرور ہیں لیکن چیلنجز پر قابو پانا نا ممکن نہیں، تاجر برادری کے جائز مطالبات پورے کریں گے، سمگلنگ کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں۔