دورہء جنوبی افریقہ کا اعلان کر دیا گیا

image

 

کرکٹ فینز کیلئے خوشخبری، ٹیم پاکستان دسمبر میں جنوبی افریقہ کا دورہ کرے گی، دورے کے دوران 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ  نے دورۂ جنوبی افریقہ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ دورہء جنوبی افریقہ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم 2 ٹیسٹ، 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ ڈربن، سنچورین اور جوہانسبرگ 10 سے 14 دسمبر تک ٹی20 انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کریں گے، ون ڈے میچز 17 سے 22 دسمبر تک کیپ ٹاؤن اور جوہانسبرگ میں کھیلے جائیں گے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023-25ء کے 2 ٹیسٹ میچز سنچورین (26 تا 30 دسمبر) اور کیپ ٹاؤن (3 تا 7جنوری) میں ہوں گے۔ قومی ٹیم 19 نومبر کو آسٹریلیا سے واپسی کے بعد 2 دسمبر کو ڈربن کے لیے روانہ ہوگی۔ آسٹریلیا میں پاکستان ٹیم کو 4 سے 18 نومبر تک 3 ون ڈے اور 3 ٹی20 میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔ 

جنوری میں اپنا افریقن ٹور مکمل کرنے کے بعد قومی ٹیم ہوم گراؤنڈ میں 3 ملکی ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کا مقابلہ کرے گی جس کے بعد پاکستان میں 8 ٹیموں کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء ہوگی۔ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے دوروں سے قبل پاکستان، بنگلہ دیش اور انگلینڈ کی بالترتیب 2 اور 3 ٹیسٹ میچوں کی میزبانی کرے گا۔