بلدیاتی انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی کو شکست کا سامنا

image

برطانوی بلدیاتی انتخابات میں لیبر پارٹی فاتح قرار، میئر لندن کے حتمی نتائج کا اعلان آج متوقع، حکمران پارٹی نے لوکل گورنمنٹ انتخابات میں شکست تسلیم کر لی۔

لندن: (ویب ڈیسک) وزیر اعظم رشی سونک نے شکست قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں بلدیاتی انتخابات میں شکست پر مایوسی ہوئی ہے۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا کہ مستقبل میں سیاسی رہنما کی حیثیت سے میں اپنے کام پر توجہ رکھوں گا، محنتی اور کام کرنے والے کونسلرز کھونا افسوس کی بات ہے۔ برطانیہ میں بلدیاتی انتخابات میں لیبر پارٹی نے بڑی سطح پر میدان مار لیا ہے جبکہ حکمران جماعت کو بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ کنزرویٹو نے کونسل کی 448 نشستیں کھو دی ہیں۔

بی بی سی کے مطابق انگلینڈ اور ویلز میں 107 میں سے 102 کونسلز کے نتائج سامنے آ چکے ہیں جن میں لیبر پارٹی 48 کونسلز کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ لبرل ڈیموکریٹس پارٹی 12 کونسلز کے نتائج کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کو اب تک کے نتائج میں صرف 5 کونسلز میں کامیابی ملی ہے۔

انگلینڈ میں لیبر کے کونسلرز 1026 نشستوں پر کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ لبرل ڈیموکریٹس کے 505 کونسلر کامیاب ہوئے ہیں اور کنزرویٹو پارٹی کے 479 کونسلرز نے نشستیں جیتیں۔ ویسٹ مڈلینڈز، لندن، گریٹر مانچسٹر اور دیگر علاقوں میں میئر کے انتخابات کے نتائج کا اعلان آج ہفتے کو کیا جائے گا۔ جمعہ کو لیبر پارٹی کے ڈیوڈ سکیتھ کامیاب ہو کر یارک اور نارتھ یارکشائر کے نئے میئر بن گئے ہیں جس میں وزیر اعظم رشی سونک کا حلقہ بھی شامل ہے۔