اسرائیلی جیل میں قید ڈاکٹر عدنان البرش انتقال کر گئے

image

 

 

جیل انتظامیہ نے ڈاکٹر عدنان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی، ڈاکٹر عدنان غزہ کے معروف اسپتال میں شعبہ آرتھوپیڈک کے انچارج تھے، فلسطینیوں نے اسے قتل قرار دیا ہے، ڈاکٹر عدنان کی لاش تاحال اسرائیلی قبضے میں ہے۔

غزہ: (ویب ڈیسک) غیر ملکی میڈیا ذرائع کے مطابق اسرائیلی جیل میں قید ڈاکٹر عدنان البرش جاں بحق ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹر عدنان کو 4 ماہ قبل اسرائیلی فورسز نے گرفتار کر لیا تھا۔ ڈاکٹر عدنان غزہ کے سب سے بڑے اسپتال الشفاء میں شعبہ آرتھوپیڈک کے سربراہ تھے۔ ان کی گرفتاری سے قبل الشفا اسپتال میں متعدد بار چھاپے بھی مارے گئے تھے۔ 

فلسطینی پریزنر ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عدنان چھاپوں کے بعد سے عارضی طور پر شمالی غزہ کے الاعادہ ہسپتال میں کام کر رہے تھے۔ 4 ماہ قبل اسرائیلی فورسز نے انہیں اسی ہسپتال سے گرفتار کیا تھا۔ ڈاکٹر عدنان کے جاں بحق ہونے کی تاحال کوئی وجہ سامنے نہیں آئی ہے۔ اسرائیلی جیل انتظامیہ نے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔ 

ڈاکٹر عدنان البرش کے ساتھ کام کرنے والے ڈاکٹروں نے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ڈاکٹروں نے ان کی ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ دوسری جانب ایک فلسطینی گروپ نے ان کی ہلاکت کو قتل قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عدنان البرش کی لاش کو تاحال فلسطینیوں کے حوالے نہیں کیا گیا۔