بجٹ 2024-25ء کی تیاری میں مشکلات کا سامنا

image

3 سالہ بجٹ حکمت عملی پیپر تاحال تیار نہ ہو سکا، نئے مالی سال کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا، قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس مئی کے دوسرے ہفتے میں شیڈول ہے۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) بجٹ 2024-25ء کی تیاری میں مشکلات کا سامنا ہے۔ 3 سالہ بجٹ حکمت عملی پیپر تاحال تیار نہ ہو سکا۔ بجٹ 2024-25ء کی تیاری تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے شیڈول بھی متاثر ہو گیا ہے۔ 

ذرائع کے مطابق 3 سالہ بجٹ حکمت عملی پیپر 2024 تا 27ء تاحال تیار نہیں ہو سکا۔ دوسری جانب سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کے اجلاس بھی نہیں بلائے گئے۔ بجٹ اسٹریٹجی پیپر 22 اپریل تک منظور کرانے کا ہدف تھا۔

واضح رہے کہ قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس مئی کے دوسرے ہفتے میں شیڈول ہے۔کابینہ کیلئے بجٹ دستاویزات کی تکمیل رواں ماہ کے آخر میں متوقع ہے، جس کے بعد نئے مالی سال کا بجٹ جون کے پہلے ہفتے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔