ماہرین صحت نے شدید گرمی میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دے دیا

image

غیر معیاری مشروبات اور باہر کے کھانوں سے پرہیز کی ہدایت، شہری ہلکے رنگ کے ڈھیلے کپڑے پہنیں اور بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں، گرمی میں اضافے سے مختلف انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ 

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) ملک میں گرمی کی شدید لہر کے پیش نظر ماہرین صحت نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ماہرین صحت نے خبردار کیا ہے کہ گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث مختلف انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ماہرین کی جانب سے شہریوں کو باہر کے کھانے اور غیر معیاری مشروبات سے پرہیز کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ 

ماہرین کا کہنا ہے کہ غیر معیاری مشروبات اور کھانے سے معدے کے مسائل پیدا ہو جاتے ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ گرمی میں ہلکے رنگ کے ڈھیلے ڈھالے کپڑے پہنیں، باہر نکلتے وقت سر کو مکمل طور پر ڈھانپ لیں، پانی کو ابال کر استعمال کریں۔ ماہرین صحت کی جانب سے شہریوں کو بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ 

دوسری جانب محکمہ تعلیم پنجاب نے ہیٹ ویو کے پیش نظر لاہور کے اسکول 25 مئی سے 31 مئی تک بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جن اسکولوں میں امتحانات ہو رہے ہیں وہ ضروری حفاظتی اقدامات کے ساتھ کھلے رہیں گے۔ واضح رہے کہ محکمہ تعلیم نے یکم جون سے 15 اگست تک پہلے ہی موسم گرم کی چھٹیوں کا اعلان کر رکھا ہے۔