اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی گرفتاری کا معاملہ

image

قومی اسمبلی میں تحریکِ استحقاق جمع، اعلیٰ پولیس افسران کو طلب کرنے کا مطالبہ، اسلام آباد اور پنجاب پولیس بغیر کسی قانونی جواز کے گھر میں داخل ہوئی۔

اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماء اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے قومی اسمبلی میں تحریک استحقاق جمع کرا دی ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کے اعلیٰ افسران سے جواب طلب کیا جائے۔ عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس ان کے گھر میں بغیر کسی قانونی جواز کے داخل ہوئی۔ 

عمر ایوب خان نے اپنی گرفتاری کے خلاف جمع کرائی گئی تحریکِ استحقاق میں مطالبہ کیا ہے کہ پولیس کے علاؤہ محکمہ داخلہ کے اعلیٰ افسران کو بھی طلب کیا جائے۔ عمر ایوب خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو اسپیکر قومی اسمبلی کو پیشگی اطلاع دینی چاہیے تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صرف میرا نہیں بلکہ پوری پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح کیا گیا ہے۔ 

دوسری جانب جماعت اسلامی نے کل ڈی چوک میں ہونے والا جلسہ مؤخر کر دیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن نے منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کی وجہ سے دھرنے کی تاریخ تبدیل کی گئی ہے۔ تفصیلات بتاتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈی چوک میں دھرنا اب 26 جولائی کو ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کل 12 جولائی کو ملک کے تمام شہروں میں احتجاج کیا جائے گا۔