کشمیر خوابوں کا قبرستان بن چکا ہے: ترجمان انڈین کانگریس

image

بھارتی لوک سبھا میں ترجمان انڈین کانگریس کا بیان، مودی سرکار کی کشمیر پالیسی پر کھل کر بات کی، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بحال کرنے کا مطالبہ بھی کر دیا۔

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) ترجمان انڈین کانگریس  پون کھیرا کا کہنا ہے کہ کشمیر خوابوں کا قبرستان بن چکا ہے۔ آرٹیکل 370 اور 35 اے کی منسوخی کے بعد سے مقبوضہ کشمیر پر مودی نے جابرانہ سیاست کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کئی دہائیوں سے جاری ہے، مقبوضہ کشمیر میں مظلوم اور لاچار کشمیریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 2019ء میں بھارت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے پورا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا تھا۔ مودی سرکار نے آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ ڈالے۔ آج مودی کے نام نہاد سیکولر بھارت میں دوبارہ سے کشمیر کی آزادی کی آواز گونج رہی ہے۔

پون کھیرا نے کہا کہ حال ہی میں کانگریس نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کا منشور جاری کیا۔ مقبوضہ کشمیر ایک ایسی ریاست ہے جس کا حق چھین کر اسے مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنا دیا گیا ہے، کشمیر کی آزادی واپس حاصل کرنا ضروری ہے۔ ہم وعدہ کرتے ہیں کہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو بحال کریں گے۔