کرپشن ثابت ہونے پر سعودی لیفٹیننٹ جنرل ملازمت سے فارغ

image

خالد بن قرار الحربی کو 20 سال قید کی سزا، ملزم نے تمام الزامات کا اعتراف کر لیا، سعودی محکمہ انصاف کی جانب سے بیان جاری کر دیا گیا ہے۔

ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں لیفٹیننٹ جنرل کو کرپشن ثابت ہونے پر ملازمت سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل خالد بن قرار الحربی کو 20 سال قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ ان پر رشوت، فنڈز میں ہیرا پھیری، اختیارات کا غلط استعمال اور جعل سازی کے الزامات لگائے گئے تھے جو سچ ثابت ہوئے ہیں۔ 

عرب میڈیا کے مطابق عدالت میں پراسیکیوٹر کی جانب سے ملزم کے خلاف ناقابل تردید شواہد پیش کیے گئے۔ عدالت نے ٹھوس ثبوت ملنے کے بعد ملزم کو سزا سنائی ہے۔ سماعت کے دوران عدالت میں ملزم نے بھی اپنے جرائم کا اعتراف بھی کر لیا تھا۔ عدالت کی جانب سے سزا کے علاوہ ملزم پر 10 لاکھ ریال جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ 

عدالت نے لیفٹیننٹ جنرل خالد بن قرار کی ضبط شدہ جائیدادیں اور جرمانے کی رقم سرکاری خزانے میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ سعودی محکمہ انصاف کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ سعودی عرب میں قانون سب کیلئے برابر ہے۔ جاری کردہ بیان کے مطابق مملکت میں رشوت، کرپشن اور اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔