افغانستان کی مسجد پر کار بم دھماکہ، 9 نمازی شہید اور 41 زخمی

image

مسجد دھماکے میں 9 نمازی شہید اور 41 زخمی بھی ہوئے۔ 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

کابل: افغانستان کی مسجد کے باہر دھماکہ، پولیس کا کہنا ہے کہ مسجد کے دروازے کے قریب بارود سے بھری کار کو دھماکے سے اُڑا گیا۔ طالبان حکام نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کیا جس کے دوران 50 کے قریب زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

افغانستان کے خبر رساں ادارے ’’طلوع نیوز‘‘ کے مطابق مسجد دھماکے میں 9 نمازی شہید اور 41 زخمی بھی ہوئے۔ 6 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کے سبب شہید ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی نماز جمعہ کے دوران مسجد میں بم دھماکے میں 50 نمازی شہید ہوگئے تھے جس کی ذمہ داری داعش خراسان نے قبول کی تھی۔

تاحال کسی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم طالبان کے حکومت قائم کرنے کے بعد سے ایسی وارداتوں میں داعش خراسان ملوث رہی ہے اور طالبان حکومت نے ان کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن بھی کیا تھا۔