میرے لئے ممکن نہیں کہ اپنے عہدے پر مزید رہ سکوں: مرتضیٰ وہاب

image

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا اپنے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان، میں نے شہر کی خدمت کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، آج میں خود عدالت کے سامنے پیش ہوا، میرے فیصلے شہریوں کے مفاد میں تھے۔ کراچی شہر بہتری کی جانب گامزن ہے، کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ادارے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں۔ 

کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ کراچی شہر بہتری کی جانب گامزن ہے، کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ ادارے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے شہر کی خدمت کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، ماضی میں مسائل پر اختیارات کا رونا رویا جاتا تھا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ رواں سال کراچی میں ریکارڈ بارشیں ہوئیں، بلدیاتی ادارے سڑکوں پر کام کرتے نظر آئے، ہم نے بارش کے دوران شہر بند نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو شہر کی بہتری پسند نہیں، میں یہ نہیں کہتا کہ میرے پاس اختیارات نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ٹیکس لگانے کی اجازت دیتا ہے، میں نے جیب کے بجائے کے ایم سی سے محبت کی، کے الیکٹرک کے ذریعے چارجز لینے کا فیصلہ کیا، ماضی میں بھی نجی کمپنی کے ذریعے ٹیکس لیا جا رہا تھا۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ ایک سال کی محنت کے بعد بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے پاؤں پر کھڑا ہو رہا ہے، سوا 3 کروڑ روپے کے ایم سی کے اکاؤنٹ میں آئیں گے، میں نےٹیکس کو کم سے کم کر دیا، کم سے کم ٹیکس 50 اور زیادہ سے زیادہ 200 روپے کر دیا جو ماضی میں کم سے کم 200 اور زیادہ سے زیادہ 5 ہزار روپے تھا۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ آج میں خود عدالت کے سامنے پیش ہوا، میں نے شہریوں کی بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اب ایڈمنسٹریٹر کے عہدے پر مزید رہ کر کام نہیں کر سکتا۔