دنیا بھر میں مائیکروسافٹ کی معروف سروسز بند

image

مائیکروسافٹ آؤٹ لک کی بندش، دنیا بھر سے ہزاروں شکایات رپورٹ، مائیکروسافٹ انتظامیہ نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

نیویارک: ونڈوز وینڈر کمپنی مائیکروسافٹ کی معروف سروسز دنیا بھر میں جزوی طور پر بندش کا شکار ہیں۔ ایم ایس ٹیمز اور ایم ایس آؤٹ لک کی معطلی سے ہزاروں صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مائیکروسافٹ کی ان سروسز کے دنیا بھر میں 28 کروڑ صارفین موجود ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کمپنی کو انڈیا سے چار ہزار اور جاپان سے نو سو کے قریب شکایات موصول ہوئی ہیں۔ ڈاؤن ڈیٹیکٹر نامی ویب سائٹ نے معلومات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، برطانیہ اور آسٹریلیا میں بھی سروسز جزوی طور پر معطل ہیں۔ مائیکروسافٹ تکنیکی ماہرین پر مشتمل ٹیم سروسز بحال کرنے میں مصروف عمل ہے۔

کمپنی حکام نے سروسز ڈاؤن ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے صارفین سے معذرت کی ہے۔ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ سروسز کے اچانک ڈاؤن ہونے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ ہماری ٹیم سروسز کی جلد بحالی پر کام کر رہی ہے، بہت جلد دوبارہ سے سروسز بحال کر دی جائیں گی۔